حکومت اور اداروں کے خلاف گفتگو ، جاوید لطیف کیخلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج

10:57 AM, 20 Mar, 2021

لاہور:  مسلم لیگ ن کے شیخوپورہ سے  رکن قومی اسمبلی  جاوید لطیف کے خلاف   بغاوت  پر اکسانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ  لاہور کے تھانہ ٹاؤن شپ میں درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق   ٹاؤن شپ کے رہائشی جمیل سلیم کی مدعیت میں درج کیاگیا۔جاوید لطیف کے خلاف ریاست سے بغاوت اور سائبر کرائم ایکٹ کا مقدمہ درج کیاگیا۔

ایف آئی آر کے مطابق  جاوید لطیف نےحکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف گفتگوکی۔ جاوید لطیف نے اپنے بیان سے  عوام میں خوف ہراس پھیلایا۔

واضح رہے کہ جاوید لطیف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے کہا تھا کہ    یہ پاکستان کے مستقبل کا مسئلہ ہے اور ایک لیڈر مریم نواز کی زندگی کا ایشو ہے۔

میں قبل اَز وقت کہہ رہا ہوں کہ جب بی بی بے نظیر بھٹو کو جب ان خطرات کا اندازہ ہوا تھا تو اُنہوں نے نام لئے تھے اور پھر اس کے بعد وہ حادثہ ہو گیا تھا ،مگر اُس وقت اُن کے ورثاء نے کہا کہ "پاکستان کھپے"۔

اگر خدا ناخواستہ مریم نواز شریف کو کچھ ہوا تو معاملات خراب ہوں گے ۔ جو لوگ اس میں ملوث ہوئے پاکستانی قوم ان کو کٹہرے میں لائے گی اور یہ بڑا حادثہ ہو جائےگا ،مشرقی پاکستان والا ری پلے مت کیا جائے اور پاکستان پر رحم کیا جائے۔

جاوید لطیف کی طرف سے نجی ٹی وی پر دیے گئے بیان پر حکومتی حلقوں کی طرف سے شدید تنقید کی گئی تھی۔جبکہ مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جاوید لطیف محب وطن ہیں اور شیخوپورہ کی عوام انہیں ہر بار منتخب کرکے قومی اسمبلی میں بھیجتی ہے۔

مزیدخبریں