کورونا کے خلاف کلوروکین استعمال ہوگا، ٹرمپ کی منظوری

11:34 AM, 20 Mar, 2020

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے ملیریا سے لڑنے والی دوا کلوروکین کا استعمال ہوگا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے  کہا کہ ہم اس دوا کو جلد دستیاب کریں گے، اور اس میں ایف ڈی اے (فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن)کا بڑا کردار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کلوروکین کے استعمال کے لیے ایف ڈی اے کو منظوری مل گئی ہے اور اب مہینوں کے بجائے یہ جلد دستیاب ہوگی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ دوا ڈاکٹر کے نسخے پر ہی دی جائے گی۔

امریکی صدر نے کہا کہ دنیا کو چین کی وجہ سے 'بڑی قیمت' ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا 'بہت بہتر ہوتا اگر ہمیں اس کا کچھ مہینوں پہلے پتہ چل جاتا۔۔۔اسے چین کے اس ایک علاقے تک محدود کر لیا جاتا جہاں سے یہ پھیلنا شروع ہوا۔

کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں متعدد ہلاکتیں ہو رہی ہیں وہیں کڑوروں افراد کے بے روزگار ہونے کا بھی خطرہ ہے۔اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او)نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں بے روزگاری میں اضافہ ہوگا اور ڈھائی کروڑ مزید افراد بے روزگار ہوں گے۔

اپنے ایک بیان میں آئی ایل او نے کہا کہ کورونا سے نہ صرف بے روزگاری میں اضافہ ہوگا بلکہ مزدوروں کی آمدنی میں بھی بہت زیادہ کمی آئے گی۔

ایک نئی تحقیق میں آئی ایل او نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران سے لیبر مارکیٹ پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

آئی آیل او کی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاں کے تناظر میں دنیا کو بے روزگاری اور جزوی ملازمتوں میں اضافے کے لیے تیار ہونا چاہیے۔

تحقیق میں مختلف ممکنہ منظر ناموں اور حکومتوں کے تیز ردعمل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انتہائی ساز گار منظر نامے کی صورت میں بھی کم از کم 53 لاکھ لوگ بے روزگار ہوں گے۔

آئی ایل او کے مطابق دوسری صورت میں دو کروڑ 47 لاکھ بے روزگار ہوں گے جو کہ 2019 کے رجسٹرڈ 18 کروڑ 80 لاکھ بے روزگاروں کے علاوہ ہوں گے۔

مزیدخبریں