سروسز اسپتال لاہور کی او پی ڈی بند، کورونا کاؤنٹر قائم

11:03 AM, 20 Mar, 2020

لاہور: لاہور میں سروسز اسپتال کی انتظامیہ نے او پی ڈی مستقل بند کر کے کورونا کاؤنٹر قائم کر دیا۔ اسپتال انتظامیہ نے مریضوں سے اپیل کی ہے کہ وہ معمولی نوعیت کی تکلیف کی صورت میں اسپتال نہ آئیں البتہ اگر تکلیف بڑی ہے تواسپتال کی ایمرجنسی سے رابطہ کریں۔

سروسز اسپتال کے بعد جناح اسپتال میں بھی ڈاکٹروں نے او پی ڈی بند کر کے آپریشنز ملتوی کر دیے ہیں۔او پی ڈی بند اور آپریشن ملتوی ہونے کی صورت میں مریض اور ان کے لواحقین شدید پریشانی میں مبتلا ہو کر رہ گئے ہیں۔

دوسری جانب میواسپتال ،جنرل اسپتال اور گنگارام کی او پی ڈیز میں مریضوں کو دیکھا جارہا ہے اور ادویات بھی دی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے بھر میں مریضوں کی تعداد 80 ہو گئی جب کہ پاکستان میں مجموعی تعداد 458 تک جا پہنچی ہے۔

مزیدخبریں