نیو یارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو نہیں پایا گیا تو اس سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ اگر کورونا وائرس کو جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے سے نہ روکا گیا تو اس سے اندازوں سے زیادہ نقصان ہونے کا اندیشہ ہے جب کہ اس وبا سے سب سے زیادہ غریب اور ترقی پذیر ممالک کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ امیر ممالک خاص طور پر جی 20 ممالک سے اپیل ہے کہ وہ افریقی ممالک سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کو موجودہ صورت حال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 953 ہو چکی ہے۔
موجودہ صورت حال میں یورپی ممالک اس وبا سے زیادہ متاثر ہیں تاہم ترقی پذیر ممالک میں بھی کورونا کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور ان ممالک میں طبی سہولیات کی کمی کے باعث خدشہ ہے وہاں صورت حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔