پاکستان اپنے دفاع کا حق آئندہ بھی استعمال کرے گا:وزیراعظم عمران خان

08:05 PM, 20 Mar, 2019

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان سے مسلح افواج کے سربراہان نے ملاقات کی ہے جس میں افواج کی پیشہ وارانہ تیاریوں اور ملکی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

 وزیراعظم عمران نے کہا کہ قوم کو مسلح افواج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے، پاکستان اپنے دفاع کا حق آئندہ بھی استعمال کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مسلح افواج کے سربراہان نے ملاقات کی اور انھیں پیشہ وارانہ تیاریوں پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ایئر چیف مجاہد انور خان اور نیول چیف ظفر محمود عباسی شریک ہوئے۔

ملاقات میں ملکی سیکیورٹی صورتحال اور مسلح افواج کے پیشہ وارانہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مسلح افواج کے سربراہان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم کو مسلح افواج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے۔ پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے لیکن اگر کسی نے بھی جارحیت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مزیدخبریں