اسلام آباد: شہباز شریف نے سیکیورٹی صورتحال پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو جوابی خط میں پورے ایوان کو بریفنگ دینے کی تجویز دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق, وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خط کے جواب میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ملکی سلامتی اور نیشنل ایکشن پلان پر پارلیمانی رہنماؤں کے بجائے پورے ایوان کو بریفنگ دینے کی تجویز دیدی ہے۔خط کے متن میں کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان ن لیگ حکومت کی کوششوں کا نتیجہ ہے، اس کا مقصد سیاسی قیادت کو اکٹھا کرنا اور دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑنا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ اپوزیشن قومی مفاد میں حکومت کے ساتھ مشترکہ فیصلہ سازی پر یقین رکھتی ہے۔ اس معاملے پر پارلیمانی رہنماؤں کی بجائے پورے ایوان کو بریفنگ دی جائے۔ پارلیمنٹ میں معاملہ آنے سے پارلیمٹرینز کی اجتماعی سوچ سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کیلئے صوبہ سندھ اور بلوچستان سے ارکان کیلئے ناموں پر مشاورت نہیں کی جو آئین کی خلاف ورزی ہے۔