راولپنڈی : منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار غیر ملکی ماڈل ٹریزا کو 8 سال 8 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈشنل سیشن جج شہزاد رضا نے چیک ری پبلک کی ماڈل ٹریزا کے خلاف منشیات اسمگلنگ کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے ملزمہ کو 8 سال 8 ماہ قید کی سزا کے ساتھ ایک لاکھ 13 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پراسیکیوشن نے ٹریزا کی ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش کو ثابت کر دیا ہے۔ جبکہ ماڈل اپنی بے گناہی ثابت نہیں کر سکیں۔ عدالت نے ملزم شعیب کو ناکافی ثبوت کی بنا پر بری کر دیا ہے جبکہ ماڈل کو بھی حق حاصل ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر سکتی ہیں۔ سماعت کے موقع پر چیک ری پبلک کے سفارتخانے کی ڈپٹی ڈائریکٹر بھی موجود تھیں۔
واضح رہے کہ منشیات اسمگلنگ کیس کا فیصلہ بارہ مارچ کو محفوظ کیا گیا تھا۔ غیر ملکی ماڈل کو 10 جنوری 2018ئ کو ساڑھے آٹھ کلو ہیروئن اسمگلنگ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔جس کے بعد وہ گذشتہ ایک سال سے جیل میں قید اور پیشیاں بھگت رہی ہیں۔ ملزمہ کے خلاف نو گواہان نے بیانات ریکارڈ کروائے۔ غیر ملکی ماڈل کے ساتھ مزید چار ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔