چودھری نثار کا فرض ہے کہ مشکل وقت میں نواز شریف کا ساتھ دیں: احسن اقبال

11:45 PM, 20 Mar, 2018

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کی فیملی کے ای سی ایل سے متعلق معاملات کابینہ کو بھیج دیئے ہیں کابینہ فیصلہ قانون کے مطابق کرے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے کسی کو راہ فرار ممکن نہیں ہے رائو انوار یقیناً پاکستان میں ہی ہیں۔ جنرل مشرف 16 تاریخ کو عدالت میں نہ آئے تو ان کا شناختی کارڈ منسوخ، پاسپورٹ ضبط کرنے اور ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی کارروائی شروع ہو جائے گی متعلقہ اداروں کو عدالتی حکم پہنچانے کی ہدایت کردی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری نثار کا یہ کہنا کہ ان جیسا سچ بولنے والا نہیں یہ خود ستائشی ہے چوہدری نثار کا فرض ہے کہ مشکل وقت میں نواز شریف کا آگے بڑھ کر ساتھ دیں۔ جب سیاست میں اختلاف کریں تو پالیسی سے اختلاف کرنا چاہیے میری تربیت یہ ہے کہ جو بُرا کرے اسے نظر انداز کر کے مثبت انداز میں آگے بڑھایا جائے۔

احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاست کا محور نواز شریف ہے، گو نواز گو کے علاوہ وہ اپنا ویژن نہیں دے سکے۔ انکے اعصاب پر نواز شریف سوار ہے۔ نواز شریف پہلے سے زیادہ مقبول ہو گئے ہیں میں نہیں سمجھتا پی ٹی آئی کو گو نواز گو کے نعرے سے کوئی کامیابی ہوئی ہے۔ بدقسمتی سے خان کا بیانیہ ستیا ناس اور بیڑا غرق پر ہے جس سے ہمارے نوجوانوں میں مایوسی پید اہوئی ہے۔

مزیدخبریں