تنوشری دتہ نے ناناپاٹیکر پر جنسی ہراساں کرنیکا الزام لگا دیا

06:57 PM, 20 Mar, 2018

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے مایہ ناز اداکار ناناپاٹیکر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کے بعد میرا کیرئر تباہ ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 مارچ 2008 کو تنوشری دتہ نے ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ناناپاٹیکرپر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ گانے کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر نے انہیں غلط طریقے سے چھو اتھا اور وہ نانا پاٹیکر کے ساتھ رقص کا کوئی سین نہیں کریں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ میڈیاکے چند لوگوں نے ان کی کار میں توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔ اداکارہ نے اس واقعے کے خلاف سینے اینڈ ٹیلی ویڑن آرٹسٹ ایسوسی ایشن میں شکایت بھی درج کرائی تھی۔
اس واقعے کے بعد نانا پاٹیکر نے تنوشری کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرتے ہوئے اپنا بیان جاری کیا تھا کہ تنوشری میری بیٹی کی عمر ہے، مجھے سمجھ میں نہیں آرہا کہ وہ میرے بارے میں اس طرح کی باتیں کیوں کررہی ہیں، میں 35 سال سے فلمی صنعت سے وابستہ ہوں اور آج تک کسی نے میرے بارے میں اس طرح کی بات نہیں کی۔
واضح رہے کہ فلم”عاشق بنایا آپ نے“سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ تنوشری دتہ اچانک فلم انڈسٹری سے غائب ہوگئی تھیں۔ کچھ عرصہ قبل ان کی چند تصاویر منظر عام پر آئی تھیں جن میں ان کا حلیہ بالکل بدلاہوا نظرآرہا تھا جب کہ انہوں نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

مزیدخبریں