کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ کسی بھی اداروں کو پرائیوٹائز کرنے پر ان کی پارٹی احتجاج کرے گی۔
بلاول ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق چیئرمین رضا ربانی نے کہا کہ حکومتی بیانات آپس میں نہیں ملتے، قانونی راستوں کو بالائے طاق رکھا جا رہا ہے۔ اسٹیل ملز اور پی آئی اے کو نجی شعبے کو دینے کا مطالبہ کیا گیا، ٹریڈ یونین پر پابندی لگا کر سرمایا دار کو مضبوط کیا گیا، بجلی کے نرخوں میں اضافے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کون ہوتا ہے کہ پاکستانی اداروں کو پرائیوٹائز کرے۔ حکومت کہتی ہے کہ اسٹیل ملز اور پی آئی اے کی نجکاری کیلئے کچھ دوست ممالک سے بات کی جارہی ہے اور ان سے معاہدے کیے جار ہے ہیں۔ ان معاہدوں کے بدلے رقم اکاؤنٹس میں ہوگی لیکن ہم استعمال نہیں کرسکیں گے، اس رقم کو اگر ضرورت پڑی تو زرمبادلہ کے طور پر دکھایا جاسکے گا۔ ایسا معاہدہ ہونے جا رہا ہے تو مطالبہ ہے ایسے معاہدے پارلیمنٹ کے سامنے لائے جائیں۔
اداروں کیلئے مناسب ہے کہ آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں۔