پاک چین دوستی بہت سی طاقتوں کو ہضم نہیں ہو رہی ، عوام کو سہولت دینے کیلئے سب کو ایک پیج پر ہونا چاہیے : عطا تارڑ

پاک چین دوستی بہت سی طاقتوں کو ہضم نہیں ہو رہی ، عوام کو سہولت دینے کیلئے سب کو ایک پیج پر ہونا چاہیے : عطا تارڑ

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاک ۔ چین دوستی لازوال اور پائیدار ہے، پاک ۔ چین دوستی سیاست سے بالاتر ہے لیکن بہت سی طاقتوں کو پاک ۔ چین دوستی ہضم نہیں ہو رہی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ چین کا اعلیٰ سطح کا وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے، چین کے وفد کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، دورے میں وفد پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق بات چیت کرے گا، چین کے وزیر پاکستان کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ پاکستانی نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار اور چینی وزیر اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک ۔ چین دوستی لازوال اور پائیدار ہے، پاک ۔ چین دوستی سیاست سے بالاتر ہے لیکن بہت سی طاقتوں کو پاک ۔ چین دوستی ہضم نہیں ہو رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ترقی کے اہداف کی جانب بڑھ رہے ہیں، حکومت سنجیدگی سے معیشت کو بہتری کی طرف لے کر جارہی ہے اور آنے والے دنوں میں پاکستانی معیشت کے لیے اچھی خبریں ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کا کامیاب دورہ کیا، وہاں وزیر اعظم کا شاندار استقبال کیا گیا، وزیراعظم کے دورہ چین میں دوطرفہ دوستی اور سی پیک آگے بڑھانے پر بات ہوئی، چین نے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی جو خوش آئند ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولت دینے سے متعلق ہمیں ایک پیج پر ہونا چاہیے، ایک کمیٹی بنی ہے اس میں بیٹھ کر معاملات کو حل کرنا چاہیے۔
 

مصنف کے بارے میں