بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ نااہلی کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی

03:33 PM, 20 Jun, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ میں نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت بغیر کارروائی غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ نا اہلی کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی، جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی۔

سربراہ لارجر بنچ جسٹس شمس محمود مرزا نے کہا کہ یہ معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے جس پر عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ جس کے بعد عدالت نے موسم گرما کی عدالتی تعطیلات کے بعد کیس کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ لارجر بنچ میں جسٹس شاہد کریم، جسٹس شہرام سرور چودھری، جسٹس جواد حسن اور جسٹس رسال حسین شامل ہیں، جسٹس شاہد بلال حسن کی سپریم کورٹ میں نامزدگی کے بعد لارجر بنچ تحلیل ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ میں نااہلی کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

مزیدخبریں