بمبئی: معروف بولی وڈ گلوکارہ و موسیقار الکا یاگنک کا کہنا ہے کہ وہ سننے کی صلاحیت سے متاثر ہوچکی ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں خود میں قوت سماعت سے محرومی کی تشخیص کی تصدیق کی۔گلوکارہ نے بتایا کہ چند ہفتے قبل ہی ان میں قوت سماعت سے محرومی کی تشخیص ہوئی ہے اور ان کی آواز کو سن کر سماعت تک پہنچانے والی نس بری متاثر ہوئی ہے۔
گلوکارہ کے مطابق کچھ ہفتے قبل جب وہ فضائی سفر مکمل کرکے جہاز سے اتریں تو انہیں محسوس ہوا کہ انہیں کم آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور بعد ازاں یہ مسئلہ سنگین ہوتا گیا۔
الکا یاگنک نے لکھا کہ بعد ازاں ڈاکٹرز نے ان میں قوت سماعت سے محرومی کے مسئلے کی تشخیص کی اور انہیں بتایا گیا کہ وہ تیزی سے پھیلنے والے خطرناک انفیکشن کا شکار ہوئی ہیں، جس وجہ سے ان کی بیرونی آواز کو سننے والی نس متاثر ہوئی ہے۔
گلوکارہ نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ بھی تیز آواز میں موسیقی سننے سمیت ہیڈ فونز کے زیادہ استعمال سے پرہیز کریں جب کہ زیادہ شور شرابے سے بھی دور رہیں۔
الکا یاگنک نے مداحوں سے صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی اپیل بھی کی۔