اسلام آباد (آمنہ جنجوعہ) قبل از وقت اسمبلیاں توڑنے پر پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے 10 اگست کو اسمبلیاں توڑ دی جائیں جب کہ مسلم لیگ ن اور جے یو آئی اس کے خلاف ہیں۔
حکومتی اتحاد میں الیکشن کروانے پر اختلافات بڑھنے لگے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں انتخابات کے معاملے پر بھی تلخیاں مزید بڑھنے لگی ہیں۔ مسلم لیگ ن اور جے یو آئی اگست میں اسمبلی تحلیل نہ کرنے کے خواہاں ہیں۔
پیپلزپارٹی 10 اگست کے بعد فوری بعد اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حق میں اتحادیوں کے سامنے ڈٹ گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے چھپے لفظوں میں اپنے ہی اتحادیوں پر وار جاری ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی بھی اپنی اپنی خواہشات کا کھلے عام اظہار کرنے لگے ہیں۔ الیکشن کے حوالے سے عید کے فوری بعد اتحادیوں کی بیٹھک متوقع ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی بھی الیکشن کے حوالے سے میاں نواز شریف سے لندن میں ملاقات ہوگی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نواز شریف کو پیپلزپارٹی کی اسمبلی تحلیل کی خواہش پر بریف کریں گے ۔