کیلیفورنیا: ایلون مسک نے کہا کہ کمپنی ٹویٹر اسمارٹ ٹی وی ایپ کے منصوبے پر کام کررہی ہے، بہت جلد ویڈیوز کے لیے ایک الگ پلیٹ فارم تیار کیا جائے گا جہاں ویڈیوز اور پولیٹیکل شوز اسمارٹ ٹی وی پر بھی دیکھے جا سکیں گے۔
روئٹرز کے مطابق ایلون مسک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بہت جلد ایک نئی ایپ متعارف کروا رہے ہیں جس میں ویڈیوز اور شوز اسمارٹ ٹی وی کی اسکرین پر دیکھے جا سکیں گے۔
ٹویٹر کی نئی سی ای او لنڈا یاکارینو اور ایلون مسک نے جمعرات کو پیرس ٹیک کانفرنس کے موقع پر کہا کہ ٹوئٹر کے ڈیجیٹل اشتہارات سے ہٹ کر سوشل میڈیا کمپنی کے کاروبار کو زندہ کرنے کے لیے تخلیقی ویڈیوز اور تجارتی شراکت داری پر توجہ مرکوز کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے، جس پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔
ویڈیو کے ذریعے مواد تخلیق کرنے سے متعلق ذرائع نے روئٹرز کو کارلسن کے شو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹویٹر توقع کر رہا ہے کہ وہ ٹککر کارلسن اور ان جیسے شوز کے ویڈیو مواد کے ساتھ اشتہارات فروخت کر سکتا ہے اور سپاسنرشپ حاصل کر سکتا ہے۔
واضح رہے رواں ماہ فوکس نیوز کے سابق میزبان ٹککر کارلسن نے ٹویٹر پر' ٹککر آن ٹویٹر' کے نام سے ایک شو کا آغاز کیا ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ بظاہر تو ٹویٹر اسمارٹ ٹی وی ایپ یوٹیوب طرز کی ایپ ہو گی، جسکو اسمارٹ ٹی وی اور موبائل فون دونوں جگہ استعمال کیا جا سکے گا اور اشتہارات کے ذریعے پیسے بھی کمائے جا سکیں گے۔
یاد رہے مئی میں ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ وہ ٹویٹر میں ویڈیو اور آڈیو کالز کے فیچرز شامل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ فون نمبر دیے بغیر دنیا میں کہیں بھی صارفین لوگوں سے بات کر سکیں گے۔
ایلون مسک نے نئی خبر دیتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ بہت جلد اس پلیٹ فارم سے آپ کے ہینڈل سے کسی کو بھی وائس اور ویڈیو چیٹ ہو سکے گی۔