پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود کھلے دل سے پناہ گزینوں کی میزبانی کی، صدر مملکت کا پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

11:46 AM, 20 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ایک  کثیر تعداد میں بے گھر افراد کو پناہ دینے کے بے مثال پاکستانی اقدامات  ہمارے بھائی چارے اور ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ہر سال 20 جون کو یہ دن منانے کا مقصد مشکل گھڑی میں پناہ گزینوں کی مدد  کیلئے ہمارے عزم  اور ان کو درپیش مشکلات کو اجاگر کرنا ہے۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دنیا میں پناہ گزینوں کی ایک بڑی آبادی کا میزبان ہے۔ پاکستانی عوام اور حکومت نے درپیش چیلنجز اور کم وسائل کے باوجود انسانی بنیادوں پر کھلے دل سے پناہ گزینوں کی مدد کی۔ 

ڈاکٹرعارف نے مزید کہا کہ افغان مہاجرین کی میزبانی کا بوجھ بانٹنے کیلئے ابتدائی  طور پر پاکستان کوعالمی برادری کی جانب سے مالی مدد ملی، مگر وقت کے ساتھ ساتھ یہ امداد گھٹتی رہی۔ تاہم مہاجرین کی فلاح و بہبود اور ان کی رضاکارانہ وطن واپسی کا پاکستان کا عزم اور ارادہ غیر متزلزل رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہپناہ گزینوں کا عالمی دن ہمیں لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے گزشتہ 40 سالہ نمایاں کردار کی یاد دلاتا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 40 سال گزرنے کے باوجود مہاجرین اور مقامی افرادکے مابین کوئی ناخوشگوار واقعہ  نہیں ہوا  جو  کہ پرامن بقائے باہمی اور باہمی احترام کی بڑی مثال ہے۔

پاکستان نے اپنی جانب سے پناہ گزینوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی ہے۔ ان کیلئے ایک باقار زندگی کی تعمیرنو کی خاطر پاکستان نے تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی  فراہم کی  اور بینک اکاؤنٹس اور دیگر مواقع کی فراہمی کیلئے پالیسیاں  متعارف کرائیں۔

 مزید برآں ہم اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور دیگر انسانی فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتےرہے  ہیں تاکہ ہماری سرحدوں کے اندر مقیم پناہ گزینوں کو ضروری امداد اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ افغان مہاجرین کو علم اور ہنر سے آراستہ کرنے کیلئے ہم نے جامع تعلیمی پروگرام متعارف کرائے  اور اس بات کو یقینی بنایا کہ پناہ گزین بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔

عارف علوی نے پناہ گزینوں کے اس عالمی دن پر ہم اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور دیگر بین الاقوامی تنظمیوں  سمیت تمام افراد جنہوں نے پناہ گزینوں کی امداد کیلئے اپنا کردارادا کیا ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئیں، رحمدلی، ہمدردی اور شمولیت کی ان اقدار کو تھامے رکھیں جو بحیثیتِ قوم ہماری پہچان ہیں۔

مزیدخبریں