علیم خان امیر ترین، حمزہ شہباز 9 کروڑ روپے کے مقروض، اراکین پنجاب اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

علیم خان امیر ترین، حمزہ شہباز 9 کروڑ روپے کے مقروض، اراکین پنجاب اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب اسمبلی اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں جن کے مطابق عبدالعلیم خان امیر ترین رکن صوبائی اسمبلی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف 41 کروڑ 43 لاکھ روپے کے اثاثوں کی ملکیت رکھتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ای سی پی کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے 13 کروڑ 64 لاکھ کے 11 رہائشی گھر ظاہر کئے ہیں جبکہ 3 زرعی زمین کی مالیت 3 کروڑ 97 لاکھ ہے، اس کے علاوہ وہ 9 کروڑ 71 لاکھ روپے کے مقروض بھی ہیں۔ 
حمزہ شہباز کی پہلی اہلیہ مہروالنساء50 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں جبکہ ان کی دوسری اہلیہ رابعہ حمزہ 3 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثے رکھتی ہیں۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءاور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی 23 کروڑ 14 لاکھ روپے اثاثوں کے مالک ہیں۔ انہوں نے 6 کروڑ 78 لاکھ روپے کی غیر زرعی زمین ظاہر کی جبکہ فلور مل کی مالیت 99 لاکھ روپے ظاہر کی اور ان کی اہلیہ 10 کروڑ روپے اثاثوں کی مالک ہیں۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری 2 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
اس کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار 5 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور عبدالعلیم خان ایک ارب 70 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ سابق صوبائی وزیر مراد راس 38 لاکھ روپے اور میاں محمود الرشید 18 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے 9 کروڑ 94 لاکھ کے اثاثے ظاہر کئے جبکہ انہیں 2 عدد گھر تحفے میں ملے تاہم انہوں نے ان گھروں کی مالیت ظاہر نہیں کی۔ رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے 35 لاکھ مالیت کے اثاثے ظاہر کئے جبکہ سابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد 2 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کی مالک ہیں۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سبطین خان 1 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، انہوں نے زرعی اراضی کی مالیت ظاہر نہیں کی جبکہ صوبائی وزیر اویس لغاری 44 کروڑ روپے اثاثوں کے مالک ہیں۔

مصنف کے بارے میں