امپورٹڈ حکومت کے ترمیم شدہ نیب قانون نے احتساب کو دفن کر دیا: سابق وزیراعظم

03:44 PM, 20 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، امپورٹڈ سرکار کے ترمیم شدہ نیب قانون نے احتساب دفن کر دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری میں کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، مجرموں کی امپورٹڈ سرکار کے ترمیم شدہ نیب قانون نے احتساب کو دفن کر دیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ حکومت تبدیلی کی امریکی سازش کے ذریعے محض مجرموں کو اس ٹولے کو ایک اوراین آر او دینے کیلئے پاکستان کی پوری معیشت اورسیاسی نظام کوپٹری سے اتارا گیا۔ (ن) لیگ کے خرم دستگیر اس کی تصدیق کر چکے ہیں۔ 

انہوں نے لکھا ’ جب ہماری معیشت مستحکم اور گروتھ ریٹ 6 فیصد تھا تو سازشیوں نے ان مجرموں کو صرف این آر او دینے کیلئے معیشت کو غیر مستحکم کرنے اور ہمارے لوگوں پر مہنگائی کا بم گرانے کا فیصلہ کیا۔‘ 

عمران خان نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا ’ہمارے نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ وہ معاشرے تباہی کا شکار ہو جاتے ہیں جہاں غریب کو جیل بھیج دیا جاتا ہے اور امیر کا احتساب نہیں ہوتا۔ آج، نیب ترمیمی بل کے ذریعے وائٹ کالر کریمنلز کو احتساب سے مبرا کر کے ہم تباہی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔‘ 

انہوں نے مزید لکھا ’نیب ترمیم بل نے اس مجرم مافیا کو این آر او 2 ملے گا اورنیب کے زیر تفتیش 1200 ارب میں سے 1100 ارب مالیت کے مقدمات نیب کے دائرہ کار سے نکل جائیں گے۔ پاکستان کے خلاف اس سازش کے منصوبہ سازوں اوراسے کامیاب بنانے والوں کو تاریخ کبھی فراموش کرے گی اور نہ ہی کبھی معاف کرے گی۔‘ 

مزیدخبریں