اسلام آباد: پاکستا ن تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی احتساب بیورو (نیب) قانون میں ترمیم کے معاملے پر آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں حکومت کی جانب سے نیب قانون میں ترامیم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے نیب قانون میں ترامیم کی بھرپور مزاحمت کرنے اور فواد چودھری و دیگر کو نیب قانون میں ترامیم اور اہداف سے قوم کو تفصیلی طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی رہنما کالی پٹیاں باندھیں گے، جماعتی ترجمانوں کو بھی معاملے کو سیاسی مباحثے کا حصہ بنانے کی خصوصی ہدایت کر دی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام احتساب کی تباہی سازش سے مسلط ہونے والی کٹھ پتلیوں کا واحد ہدف تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے نشاندہی کر رہا ہوں کہ ان کے آنے کا واحد مقصد خود کو این آر او 2 دلوانا ہے، چوروں کو این آر او 2 دے کر نظام احتساب کو باضابطہ طور پر دفن کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملک نہیں سنبھل رہا دوسری طرف چوری معاف کروانے کی ان کی کوششیں گوارا کی جارہی ہیں، اس کرپٹ سفاک گروہ نے پاکستان کی اخلاقیات تباہ کردی ہیں، مجرموں کے ٹولے کی اس شرمناک کوشش کی ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔
پی ٹی آئی کا نیب قانون میں ترمیم کے معاملے پر آج یوم سیاہ منانے کا اعلان
01:25 PM, 20 Jun, 2022