فواد چودھری آپا فردوس کا راستہ روکنے کیلئے سندھ حکومت کیخلاف بیان دیتے ہیں: ناصر حسین

03:57 PM, 20 Jun, 2021

کراچی: سندھ اور وفاقی وزیر اطلاعات آمنے سامنے آگئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سندھ حکومت پر تنقید کی تو سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے بھی فواد چودھری کو ان کا ماضی یاد کراتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری جب زرداری صاحب کے خلاف بیان دیتا ہے تو میں بہت حیران ہوتا ہوں، صدر زرداری نے فواد چودھری کو پارٹی میں عزت دی اور سیاست میں روشناس کرایا۔

وزیراطلاعات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے مزید کہا کہ وفاقی وزرا کراچی میں آکر سندھ حکومت کو بُرا بھلا کہنا اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے گالم گلوچ ، بدتمیزی اور بداخلاقی کی سیاست کی بنیاد ڈالی ہے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فواد چودھری زرداری کے ہاؤس کا طواف کرتا تھا کہ کوئی پوزیشن مل جائے، اب زرداری صاحب اور فریال تالپور کے خلاف بیان بازی دیکھ کر فواد کا چھوٹا پن نظر آتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ فواد چودھری اگلے الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خواب دیکھ رہا ہے، اگلے الیکشن میں ہجرتی پرندوں کی طرح فواد چوہدری پھر کسی اور پارٹی میں ہجرت کرے گا، نئے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پورے ملک میں امیدوار نہیں ملیں گے۔

ناصر شاہ نے کہاکہ اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی اپنا سیاسی وجود کھو بیٹھے گی اور کرائے کے ترجمان بھاگ کر اپنے گھونسلوں میں چلے جائیں گے۔ ان کاکہنا تھا کہ فواد چودھری سندھ میں آکر وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف بیان دے کر اپنی فرسٹریشن نکالتے ہیں ، فواد چودھری حلفیہ بتائیں کہ پورے ملک میں کونسا وزیراعلیٰ سب سے بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کو اگر فنڈز کی مانیٹرنگ کرنی ہے تو جاکر کے پی کے میں کریں ، وہاں بی آر ٹی اور مالم جبہ کی کرپشن فواد کو نظر نہیں آتی، پنجاب میں رنگ روڈ، چینی چوری ، گندم اسکینڈل اور شراب کے پرمٹس کی کرپشن فواد کونظر نہیں آتی۔  پی ٹی آئی نےسندھ میں کرپشن کرنے کے لیے اپنے ایم پی ایز کو ڈائریکٹ فنڈز دیئے ہیں ، سندھ میں پی ٹی آئی کے ایم پی ایز وفاقی فنڈنگ پر چھوٹے چھوٹے منصوبوں میں کرپشن کر رہے ہیں، پانی کی غیر منصفانہ تقسیم سے وفاقی حکومت نے ارسا کو ناکارہ بنا دیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ فواد چودھری سندھ میں پانی کی چوری کا الزام لگاکر مسئلے کو کہیں اور لے جانا چاہتے ہیں، وہ اس وجہ سے زیادہ زبان درازی کررہے ہیں تاکہ فردوس آپا دوبارہ نہ آجائیں، فواد بھائی تھوڑی ڈیسینسی ، تھوڑے لحاظ اور اخلاقیات کا مظاہرہ کیا کریں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرتاہے اس حساب سے نیازی حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ فواد کہتا ہے کہ سندھ میں جمہوریت کے نام پر آمریت نافذ ہے، اصل میں فواد نے عمران کی آمریت دیکھی ہے اسی لیے اُن کو ہر جگہ آمریت نظر آتی ہے، ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو ان کی میعاد مکمل ہونے دی ۔

مزیدخبریں