لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں نئے ڈویژن، نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں کے قیام پر غور شروع کردیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس حوالے سے مختلف اداروں کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں نئے ڈویژن، نئے اضلاع اورنئی تحصیلوں کے قیام پر غورشروع کردیا ہے جبکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے خاموشی کے ساتھ مختلف اداروں کوٹاسک سونپ دیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر خفیہ طور پر نئے اضلاع ، تحصیلوں کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے اور مختلف اداروں سے نئے اضلاع کے حوالے سے ابتدائی رپورٹس طلب کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اصولی طور پر نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں کے قیام کے حامی ہیں اور انہوں نے نئے فیصلے کے حوالے سے ابتدائی مشاورت بھی کر لی ہے جبکہ سیاسی طور پر اس فیصلے کے وسیع پیمانے پر اثرات مرتب ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ بجٹ منظوری کے بعد پنجاب میں نئے اضلاع ،نئی تحصیلوں اورنئے ڈویژن کے حوالے سے با ضابطہ کام ہو گا، سیاسی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے بھی ان کے اضلاع میں ردو بدل کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی، پنجاب بھر میں زیادہ آبادی والے بڑے اضلاع میں کانٹ چھانٹ کا امکان ہے اور کئی حلقوں میں ردوبدل متوقع ہے۔