پنجاب اور سندھ میں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز ایک روز کیلئے بند کر دئیے گئے

12:53 PM, 20 Jun, 2021

لاہور: کورونا ویکسین کی قلت کے باعث پنجاب اور سندھ میں ویکسی نیشن سینٹر ایک روز کیلئے بند کردیئے گئے ہیں اور لاہور کے ایکسپو سینٹر میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کیلئے ایک ہفتے بعد آنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں کورونا ویکسی نیشن کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں قائم خصوصی ویکسی نیشن سینٹرز اور ہسپتالوں میں کورونا ویکسین کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے جس کے باعث ایک روز کیلئے ویکسی نیشن کا عمل روک دیا گیا ہے جبکہ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کے لیے ایک ہفتے بعد آنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
سندھ حکومت کی ٹاسک فورس نے بھی گزشتہ روز اجلاس میں ہی صوبے بھر کے ویکسی نیشن سینٹر ایک روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ روسی ویکسین ’سپوتنک وی‘ جون کے آخری ہفتے میں آجائے گی، اس کے علاوہ 21 جون کو سائینو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں، 23 جون کو کین سائینو کی 7 لاکھ اور پاک ویک کی 4 لاکھ خوراکیں صوبے کو مل جائیں گی۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ویکسین لگوانے کیلئے آنے والے شہریوں کو واپس بھیجا جانے لگا ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دنوں سے ملک کے بڑے ویکسی نیشن سینٹرز میں ویکسین کی قلت کی خبریں آ رہی ہیں تاہم 15 لاکھ ویکسین کی کھیپ آج پہنچ رہی ہے جبکہ اگلے 10 روز میں ملک میں مزید 50 لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں پہنچ جائیں گی۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ 12 سے 18 جون کے دوران ملک بھر میں 23 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی، اس طرح یومیہ تین لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی گئی جبکہ اگلے ہفتے پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہو گا۔

مزیدخبریں