پاکستان نے فائزر ویکسین کی مزید ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کا معاہدہ کر لیا

11:00 AM, 20 Jun, 2021

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے فائزر ویکسین کی مزید ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت ویکسین کی پہلی کھیپ جلد ہی پہنچ جائے گی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی جانب سے فائزر ویکسین کیلئے کئے گئے معاہدے کے تحت ویکسین کی پہلی کھیپ جولائی کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ روسی ویکسین سپوٹنک کی بھی ایک کروڑ خوراکیں پاکستان پہنچیں گی جن میں سے 10لاکھ خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں پہنچ جائے گی۔
ذرائع وزارت صحت کے مطابق پاکستان اگست کے شروع میں ایسٹرا زینکا ویکسین کی بھی ایک کروڑ 20 لاکھ مزید خوراکیں حاصل کرے گا اور اس ویکسین کی پہلی کھیپ بھی معاہدے کے بعد جلد ہی پاکستان پہنچ جائے گی۔ 
دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کاکہنا ہے کہ چینی ویکسین کی 15لاکھ خوراکیں پیر تک پاکستان پہنچ جائیں گی جبکہ 22 اور 23 جون تک چینی ویکسین کی مزید لاکھوں خوراکیں پاکستان پہنچیں گی۔

مزیدخبریں