اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کل سے جزوی طور پر بین الاقوامی پروازوں کی فضائی حدود کھول رہے ہیں،واپس آنے والے بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کے لیے کل فضائی حدود جزوی طور پرکھولی جائے گی، یہ اقدام خصوصی طورپر ہمارے اوور سیز ورکرز کے لیے کیا جارہاہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا واپس آنے والے اوور سیز پاکستانیوں کو حکومت ہر طرح سے سہولت فراہم کرےگی، فضائی آپریشن بیرون ملک کام کرنے والوں کے لئے معاون ہوگا، کورونا وبا کے دوران انہوں نے حوصلے سے کام لیا ہمیں فخر ہے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا واپسی پر خیر مقدم کرتے ہیں، واپس آنے والے بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔