لاہور :واٹس ایپ دنیا کا مقبول ترین میسنجر ہے جس کے صارفین ڈیڑھ ارب سے زیادہ ہیں اور کروڑوں اس میں موجود آڈیو میسج کے فیچر کو استعمال کرتے ہیں۔
تاہم واٹس ایپ کو استعمال کرنے والوں کو معلوم ہے کہ ہجوم یعنی دفتر، گاڑی میں کسی کے ساتھ سفر کرتے یا بازار وغیرہ میں بلند آواز میں ایسے پیغام شرمندگی کا باعث بھی بن سکتے ہیں یا کوئی بھی اپنے ذاتی پیغامات دوسروں کو سنانا پسند نہیں کرتا۔
لوگوں کے درمیان واٹس ایپ کے آڈیو میسج کو سننے کے لیے ہیڈفون کی ضرورت ہوتی ہے، مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس میسنجر میں ہی ایسا فیچر خاموشی سے اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے جو اس مسئلے کا حل ہے؟
جی ہاں واٹس ایپ نے کچھ عرصے قبل خاموشی سے لوگوں کے درمیان آڈیو پیغامات سننے کے حوالے سے ایک فیچر متعارف کرایا تھا، جو ارگرد ہجوم کی موجودگی کے باوجود میسج کی آواز صرف آپ کے کانوں تک پہنچاتا ہے، وہ بھی بغیر ہیڈفون کے ، جی ہاں، ایسا واقعی ممکن ہے، بس ذرا پھرتی سے کام لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
جب آڈیو پیغام آئے تو پلے بٹن پر پریس کرتے ہی تیزی سے فون کو اپنے کان پر لگالیں، جیسے کسی کو کال کررہے ہوں ، ایسے کرتے ہی فون فوری طور پر آڈیو آﺅٹ پٹ کو مین اسپیکر سے ائیرپیس اسپیکر میں منتقل کردے گا اور صرف آپ ہی وہ پیغام سن سکیں گے۔
یہ اتنا نیا فیچر تو نہیں مگر کروڑوں افراد کو اس کا علم نہیں اور جیسا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ بہت کارآمد بھی ہے، خاص طور پر ایسے فون، جن میں ہیڈفون جیک ہی نہیں بلکہ صرف بلیوٹوتھ ہیڈفون کام کرتے ہیں۔
واٹس ایپ میں اکثر ایسے فیچرز سامنے آتے ہیں، جس کا کمپنی کی جانب سے اعلان نہیں کیا جاتا، مگر پھر بھی لوگ انہیں دریافت کرہی لیتے ہیں۔