انڈین کھلاڑیوں کے سیاہ پٹیاں باندھنے پر پاکستان کا احتجاج

انڈین کھلاڑیوں کے سیاہ پٹیاں باندھنے پر پاکستان کا احتجاج

لندن : پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائنگ رانڈ کے منتظمین سے انڈین کھلاڑیوں کی جانب سے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلنے پر سخت احتجاج کیا ہے۔یاد رہے کہ لندن میں جاری ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائنگ رانڈ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں انڈین کھلاڑیوں نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے گذشتہ دنوں کشمیر میں ہلاک ہونے والے انڈین سپاہیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر ایسا کیا تھا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری سابق اولمپیئن شہباز احمد نے لندن سے برطانوی نشریاتی ادارے کوبتایا کہ انھوں نے اس سلسلے میں برطانوی ہاکی فیڈریشن کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر سیلی منڈے اور کوالیفائنگ مقابلوں کے آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ سے بات کی ہے جس پر ان دونوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کے مقابلوں میں کسی بھی طرح کا سیاسی پیغام اجاگر نہیں کیا جاسکتا۔شہباز احمد کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن جس طرح اپنی گرفت رکن ممالک پر مضبوط کرتی جارہی ہے اور اپنی من مانی کررہی ہے، اسے اس واقعے کا سخت نوٹس لینا چاہیے کہ انڈیا نے یہ حرکت کیوں کی۔

شہباز احمد نے کہا کہ انڈین ہاکی ٹیم نے اپنی اس حرکت سے اپنا امیج خود خراب کیا ہے اور انہوں نے دراصل یہ ایک منفی پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ سال ایشیئن چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا کی پاکستان کے خلاف جیت کے بعد بھارتی گول کیپر پی آر شری جیش نے اس جیت کو بھارتی فوجیوں کے نام کر دیا تھا۔غور طلب بات یہ ہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد انڈین صحافیوں نے بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ سے بھی یہ سوال کیا تھا کہ انڈین کرکٹ ٹیم نے ہاکی ٹیم کی طرح بازوں پر پٹیاں باندھ کر میچ کیوں نہیں کھیلا لیکن یوراج سنگھ نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا تھا.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں