عیدالفطرکے موقع پر زائد کرایہ وصولی کوبرداشت نہیں کیاجائے گا،سیکرٹری ٹرانسپورٹ

08:42 PM, 20 Jun, 2017

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر اور صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ داؤد خان کی ہدایت پر حامد علی سیکرٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے خصوصی مہم شروع کی ہے, اس حوالے سے انہوں نے ٹرانسپورٹ اڈوں کا دورہ کر کے اڈہ مینجروں،ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں اور ٹرانسپورٹرز حضرات سے ملاقات کی۔

انہوں نے صوبے کے تمام ٹرانسپورٹرز کو خبر دار کیا کہ ہمارے اسلامی مذہبی تہوار عید الفطر کی آمد کے موقع پر حکومت کے مقرر کردہ کرایے سے زائد کرایے وصول نہ کیے جائیں جبکہ اوور لوڈنگ سے گریزکیاجائے جبکہ گاڑیوں کی مصنوعی قلت پیدا کرنے سے بھی اجتناب کیاجائے۔گاڑیوں کی کمی کی صور ت میں اڈہ مینجرز ایک دوسرے سے تعاون کر کے مسافروں کو کسی قسم کی شکایت کا موقع نہ دیں۔

انہوں نے ٹریفک پولیس سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے کہ عوام کو درپیش ممکنہ مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے بھرپور کردار اداکریں تاکہ ہمارے مقدس تہوار کو خوشگوار ماحول میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاسکے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات مہیا کی جا سکیں۔

انہوں نے اس ضمن میں اپنی زیر نگرانی دفتری اہلکاروں کی خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی ہے تاکہ کسی بھی بد نظمی پر قابو پانے،سرکاری کرایہ نامہ پر عملدرآمد اور ٹریفک روانی کو یقینی بنایاجاسکے۔

انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو خبر دار کیا کہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ مقررہ کرایہ نامہ پر عملدرآمد نہ کرنے اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپوٹرز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں