ممبئی: بالی ووڈ کے سب سے بڑے فلمی میلے آئیفا ایوارڈز کا انعقاد آئندہ ماہ نیو یارک میں ہو گا لیکن ابھی تک شائقین اس انتظار میں ہیں کہ اس ایوارڈ شو میں کیا کیا خاص باتیں ہوں گی اور اس کی میزبانی کس کے حصے میں آئے گی۔ آئیفا ایوارڈز کی تاریخوں کا اعلان تو گزشتہ ماہ ہی کر دیا گیا تھا جب کہ یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ایوارڈ شو میں سلمان خان، کترینہ کیف، عالیہ بھٹ، شاہد کپور اور کریتی سنن سمیت دیگر ستارے پرفارم کریں گے۔ تاہم اب اس ایوارڈ شو کی مینجمنٹ نے اس کے میزبانوں کا اعلان بھی کر دیا۔ آئیفا کے 18 ویں ایڈیشن کی میزبانی کرن جوہر اور سیف علی خان کریں گے۔
نیو یارک کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں 15 جولائی کو منعقد ہونے والے اس ایوارڈ شو میں ورن دھون ڈیبیو پرفارمنس کے ساتھ ساتھ ایک سیگمنٹ کے شریک میزبان بھی بنیں گے۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے سب سے معتبر ایوارڈ شو کی حیثیت رکھنے والے اس شو کو کلر ٹی وی براہ راست نشر کرے گا۔
آئیفا میں میزبانی کے لیے منتخب ہونے پر کرن جوہر اور سیف علی خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہونے پر فخر ہے اور وہ اس میلے میں اچھی تفریح کے لیے پر امید ہیں۔
کرن جوہر کے انڈسٹری میں 25 برس مکمل ہونے پر انہیں خصوصی خراج تحسین پیش کیے جانے کا امکان بھی ہے- ورون دھون نے بھی ڈیبیو انٹری کے حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ بھی انہیں مواقع ملتے رہیں گے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی اس فلمی میلے میں ہالی ووڈ اسٹارز شرکت کریں گے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں