اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان کا فیض آباد میں کئی دن سے جاری دھرنا ختم ہوگیا شرکا اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔
حکومت اور ٹی ایل پی قائدین کے درمیان کامیاب مزاکرات کے بعد فیض آباد کا دھرناختم کرنے کا اعلان کیا تھا اس کے بعد فیض آباد سے دھرنا شرکا کی واپسی ہوئی اور مختلف شہروں سے آئے مظاہرین اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے اور ٹریفک بھی بحال ہو گئی، جانے والوں نے جاتے وقت کچھ آتش بازی بھی کی۔
تحریک لبیک پاکستان کا اسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر دھرنا ختم کرانے کے حوالے سے حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوئے، جس کے بعد فیض آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا تھا۔ تحریک لبیک کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ پاکستان ہر فورم پر فلسطین کیلئے آواز اٹھاتا رہے گا، اسرائیلی مصنوعات کو بلواسطہ یا بلاواسطہ روکا جائے گا۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف گزشتہ کئی روز سے فیض آباد کے مقام پر دھرنا دیا ہوا تھا۔ تحریک لبیک اور حکومتی وفد کے درمیان مذاکرات کرنے والوں میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ، آئی جی اسلام آباد اور اسلام آباد کی انتظامیہ شامل تھی۔