اسلام آباد :وزیر اعظم شہباز شریف نے منی لانڈرنگ مقدمے میں بریت پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہا سیاسی انتقام کی آگ میں جلنے والوں کو دنیا میں جواب مل گیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا سیاسی انتقام لینے والوں کو آخری اور سب سے بڑی عدالت میں اس ظلم کا حساب دینا پڑے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ احتساب عدالت لاہور نے جھوٹے مقدمے میں مجھے اور حمزہ شہباز کو بری کردیا، اس پر اللّٰہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کیا جائے، کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی مقدمہ میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے ہمیں کلین چٹ دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ڈیلی میل میں ڈی ایف آئی ڈی کے فنڈز میں غبن کی جھوٹی خبر دانستہ شائع کرائی گئی تھی، اس میں بھی اللّٰہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا اور ڈیلی میل کو معافی مانگنا پڑی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ وہی مقدمہ تھا جس میں ناحق مجھے دو مرتبہ گرفتار کیا گیا، حمزہ شہباز کو قید رکھا گیا اور بیماری کے باوجود انہیں ڈاکٹر کے پاس بھی نہیں لے جایا گیا۔