کراچی : پاکستانی اداکارہ عینی جعفری کاکہنا ہےکہ فن وثقافت کو سیاست سے الگ رکھنا چاہئے۔انہوں نے عرب نیوز سے انٹرویو میں کہا کہ میں نے حال ہی میں بھارتی فلم"کوک" سائن کی ہے۔ میں یہ ضرور کہوں گی کہ فن وثقافت کو سیاست سے الگ رکھنا چاہئے کیونکہ فن کی کوئی حد نہیں ہوتی۔ تاہم انڈیا اور پاکستان کے سیاسی حالات کی وجہ سے دونوں طرف ایک دوسرے کی فلمیں ریلیز نہیں کی جاتیں نہ ہی فنکاروں کو کام کے زیادہ مواقع میسر آتے ہیں۔
عینی جعفری طویل عرصے بعد شوبز انڈسٹری میں واپس، بھارتی فیچر فلم میں نظر آئیں گی۔عینی جعفری نے اپنے کیریئر کا آغاز اشتہار سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا، انہوں نے 2011 میں ڈراما سیریل ’ زپ بس چپ رہو’ سے اداکاری کا آغاز کیا۔
انہیں ٹیلی ویژن سکرین پر آخری بار 2022 کی ویب سیریز ’منڈی‘ میں دیکھا گیا جہاں وہ صبا قمر، میکال ذوالفقار اور شایان خان کے ساتھ نظر آئی تھیں۔اب طویل عرصے بعد عینی جعفری نے شوبز میں دوبارہ قدم رکھا ہے، لیکن اب وہ کسی پاکستانی ڈرامہ یا فلم میں نہیں بلکہ بالی وڈ کی فیچر فلم میں نظر آئیں گی۔
اداکارہ بولی وڈ فیچر فلم ’کوک‘ کا حصہ بننے جارہی ہیں جس کی ہدایت کاری صارم مومن کررہے ہیں جبکہ انہی نے اس فیچر فلم کو تحریر کیا ہے۔
عینی جعفری نے جب شوبز انڈسٹری میں دوبارہ واپسی کا اعلان کیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ اداکاری کے میدان میں دوبارہ واپسی پر نروس بھی ہوں اور بہت پرجوش بھی ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ’میں محسوس کررہی ہوں کہ اتنا وقت گزرنے کے باوجود اس فن کے لیے مجھ میں جو جذبہ ہے وہ کبھی ختم ہی نہیں ہوا، جب میں شوبز سے دور تھی تو اس دوران میں نے صبر و تحمل سیکھا اور ایک عورت اور ماں ہونے کے ناتے ایک بیش قیمتی سبق یہ بھی سیکھا کہ آپ سب کچھ ایک ہی وقت میں نہیں کرسکتے، ہر چیز اپنے وقت پر ہوتی ہے۔
2012 میں عینی جعفری ڈرامہ اسیرزادی میں مرکزی کردار میں نظر آئیں، 2013 میں انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی پہلی فلم ہمایوں سعید کی پروڈکشن ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ میں اداکاری کی اور پھر “بالو ماہی’ میں بھی نظر آئیں۔
عینی جعفری نے برقعہ ایوینجر کے نام سے ایک متحرک فلم میں مرکزی کردار ’جیا‘ کو بھی اپنی آواز دی ہے۔انہوں نے 22 فروری 2014 کو فارس رحمن سے شادی کی، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔عینی جعفری کے مشہور ڈراموں میں صلہ، عذاب زندگی، میری بہن مایا، منڈی اور دیگر شامل ہیں۔