اسلام آباد: وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پیر کی صبح 10بجے پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا۔
سپریم کورٹ میں وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کیس سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ سرنڈر کیے بغیر ملزم کو کوئی ریلیف نہیں مل سکتا ۔ عبد الرزاق شر کے قتل میں پہلے چیئرمین تحریک انصاف سرنڈر کریں پھر ریلیف ملے گا۔
جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے حکم جاری کیا کہ پیر ساڑھے دس بجے سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے چیرمین ذاتی حیثیت میں سپریم کورٹ میں سرنڈر کریں۔
واضح رہے کہ چند ہفتے پہلے کوئٹہ میں ائیر پورٹ روڈ پر عالمو چوک کے قریب فائرنگ سے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالررزاق شر جاں بحق ہوگئے، وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار تھے۔
جس کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ پی ٹی آئی چئیرمین کے خلاف درج کرلیا گیا تھا۔