کولمبو: سری لنکا کے قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں جو 2024ءتک صدارتی عہدے پر فائز رہیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کی پارلیمنٹ میں ارکان نے نئے صدر کے انتخاب کیلئے ووٹ ڈالے جبکہ اس موقع پر پارلیمنٹ کے اطراف انتہائی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کرتے ہوئے ہزاروں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
قائم مقام صدر وکرما سنگھے سمیت 3 امیدوار صدارت کی دوڑ میں شامل تھے تاہم ارکان پارلیمینٹ نے وکرماسنگھے کو منتخب کیا اور وہ2024 تک اپنے عہدے پر فائز رہیں گے۔
قائم مقام صدر رانیل وکرما سنگھے 6 مرتبہ سری لنکا کے وزیراعظم رہ چکے ہیں جنہوں نے صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ ملک بہت مشکل صورتحال سے دوچار ہے اور ہمیں مستقبل میں بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے سابق صدر گوٹابایا راجہ بدترین معاشی بحران کے نتیجے میں عوامی احتجاج اور مظاہروں کے باعث سابق ملک چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے جس کے بعد وکرما سنگھے نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔
یاد رہے کہ سری لنکا گزشتہ کئی مہینوں سے شدید اقتصادی اور سیاسی بحران کا شکار ہے اور ملک میں خوراک، ایند ھن اور ادویات سمیت دیگر ضروری اشیاءکی شدید قلت بھی ہے جس کے باعث مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔