آصف زرداری کی پرویز الٰہی کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے حکومتی امیدوار بننے کی پیشکش

آصف زرداری کی پرویز الٰہی کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے حکومتی امیدوار بننے کی پیشکش

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءچوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے حکومتی امیدوار بننے کی پیشکش کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 20 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کامیابی کے بعد پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے امکانات روشن ہیں تو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت نے بھی اس حوالے سے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) پر مشتمل اتحاد نے 22 جولائی کو وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں اپنے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کی کامیابی کیلئے حکمت عملی طے کر لی ہے تو دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے پرویز الٰہی کو حکومتی امیدوار بنانے کی پیشکش کی ہے۔ 
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے اپوزیشن کے کچھ ارکان کو اسمبلی اجلاس میں شرکت سے روکنے کے بیان کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان کو ممکنہ گرفتاریوں اور حکومتی حربوں سے بچانے کیلئے اجلاس سے قبل محفوظ مقامات پر اکٹھے رکھنے کا پروگرام بنایا گیا ہے تاکہ اپوزیشن ارکان حکومتی دسترس سے دور رہیں۔
 گزشتہ روز آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور شہباز شریف کی رہائش گاہ پر حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر اعتماد میں لیتے ہوئے چوہدری شجاعت کو چوہدری پرویز الٰہی کو منانے کی درخواست کی۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ کے تعاون سے ہی حکومت آگے چل سکتی ہے، میں چوہدری پرویز الٰہی کو حکومتی امیدوار بنانے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف سے بات کرنے کو تیار ہوں ورنہ آپ حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے میں سپورٹ کریں اور پارٹی کے ارکان کو انہیں ووٹ دینے کی ہدایت کریں تاہم چوہدری شجاعت حسین نے اس پر خاموشی اختیار کئے رکھی۔ 

مصنف کے بارے میں