اسلام آباد: ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 130 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 570 میگاواٹ جبکہ طلب 28 ہزار 700 میگاواٹ ہے اور یوں شارٹ فال 7 ہزار 130 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے جس کے باعث عوام کو ایک بار پھر شدید لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت پانی سے 6 ہزار 574 میگاواٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1 ہزار میگاواٹ، نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 10 ہزار 500 میگاواٹ اور ونڈ پاور پلانٹس سے 750 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
اسی طرح سولرپلانٹس سے 100 میگاواٹ، بگاس سے چلنے والے پلانٹس سے 77 میگاواٹ اور جوہری ایندھن سے 2ہزار 569 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال بڑھنے سے ملک بھر کے بڑے شہروں میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ ہائی لاسز کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 16 گھنٹے ہے۔