عمران خان کے بچوں بارے تقریر پر برطانوی شہری نے مریم نواز کے خلاف مقدمے کی درخواست دے دی

11:33 PM, 20 Jul, 2021

لندن : رہنما مسلم لیگ (ن ) مریم نواز کی  عمران خان کے بچوں کے خلاف نفرت انگیز تقریر پر پاکستانی نے برطانوی پولیس کو مقدمہ کی  درخواست دے دی ۔ 

 برطانیہ میں مقیم طارق محمود نامی پاکستانی شہری نے لندن کے نواحی علاقے کینٹ کے پولیس اسٹیشن میں مریم نواز کی نفرت انگیز تقریر کے خلاف درخواست جمع کرائی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز کا بیان نفرت انگیزی کے زمرے میں آتا ہے، اُن کی برطانیہ آمد پر پابندی عائد کی جائے۔

درخواست گزار نے بتایا کہ مریم نواز نے آزادکشمیر جلسے میں عمران خان کے بچوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گولڈ اسمتھ کے پوتے ہیں  اور یہودیوں کی گود میں پل رہے ہیں۔

 شکایت کنندہ نے بتایا کہ ’میں نے پولیس سے درخواست کی کہ وہ مریم نواز کے بیان کا جائزہ لے کر اُن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے اور ان کی برطانیہ آمد پر پابندی عائد کی جائے‘۔

واضح رہے کہ طارق محمود ماضی میں نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہر متعدد مظاہروں کا انعقاد کرچکے ہیں اور انہوں نے پاکستان پیٹریاٹک فرنٹ کے نام سے ایک تنظیم بھی بنائی ہوئی ہے، جو برطانیہ میں‌ مظاہرے اور دیگر سیاسی سرگرمیوں‌ میں حصہ بھی لیتی ہے۔

مزیدخبریں