اسلام آباد: گیسٹ ہاؤس میں لڑکا لڑکی تشدد کیس میں عثمان مرزا اور دیگر ملزمان کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر 30 جولائی تک اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں لڑکا لڑکی پر تشدد کیس میں ملزمان کی جانب سے تشدد اور ویڈیو کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم عثمان مرزا کو دیگر ملزمان سمیت سیشن کورٹ پیش کیا۔
مرکزی ملزم عثمان مرزا کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی جج راجہ فرخ علی خان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران پولیس نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کر دی جس کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے چاروں ملزمان کو 30 جولائی تک جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
متاثرہ لڑکی اور لڑکے کی جانب سے حسن جاوید ایڈووکیٹ پیش ہوئے، ملزم ادارس قیوم بٹ کو تھانہ آئی نائن کے مقدمہ میں بھی گرفتار کرلیا گیا۔
سرکاری وکیل ساجد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے جِم کے مالک اور اس کی اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، ملزم ادارس قیوم بٹ کے ساتھ دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے۔
وکیل نے استدعا کی کہ ملزم ادارس قیوم بٹ کو اس مقدمہ میں بھی جیل بھیجا جائے جس پر عدالت نے ملزم ادارس قیوم بٹ کو تھانہ آئی نائن لڑائی جھگڑے کے مقدمہ میں بھی جیل بھیج دیا ۔