بیجنگ :چین نے دنیا کی تیز ترین ٹرین تیار کرلی ، تیز ترین ٹرین چھ سو کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر طے کرے گی ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین اور جاپان میں پہلے دنیا کی تیز رفتار ترین بلٹ ٹرین چل رہی ہیں جو مسافروں کو کچھ ہی گھنٹوں میں کئی سو کلومیٹر کا سفر طے کروا دیتی ہیں۔
لیکن اب چینی حکام نے عوام کی سہولت کےلیے بلٹ ٹرین سے زیادہ رفتار سے چلنے والی ٹرین تیار کی ہے جو اس وقت زمین پر چلنے والی دنیا کی تیز ترین ریل گاڑی ہے۔
چینی حکام نے ٹرین ماگلیف مشرقی صوبے شان ڈونگ کے ساحلی شہر چھنگ ڈاؤ میں پہلی مرتبہ عوام کے سامنے پیش کی۔
چائنہ ریلوے رولنگ اسٹاک کارپوریشن کے مطابق مکمل طور پر ملک میں تیار کردہ تیز رفتار ماگلیف ٹرین ریل ٹرانزٹ کے شعبہ میں ملک کی جدید ترین سائنسی اور تکنیکی کامیابیوں کی علامت ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس چین نے دنیا کی چھت کہلائے جانے والے علاقے تبت میں بلٹ ٹرین سروس شروع کرکے ایک اور بڑا کارنامہ سرانجام دیا تھا۔