اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے افغانستان میں امن قائم ہو ، افغانستان میں امن سے پاکستان میں امن ہوگا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے بھرپور کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے سے متعلق تمام ثبوت اکٹھے کئے اور جمع کئے گئے ثبوت افغان حکومت کے ساتھ شیئر بھی کئے ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان آئسولیشن کا شکار نہیں ہو رہا ، بھارت نے ہر عالمی فورم پر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ، ثابت ہوگیا فیٹف کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش ہوئی ۔ فیٹف کو بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کا نوٹس لینا چاہئے ۔
شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان نے فیٹف کی 27 میں سے 26 شرائط پر عمل کیا ، پاکستان کو مسلسل گرے لسٹ میں رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ، مریم نواز نے ملکی مفاد کے بجائے ذاتی مفاد کو دیکھا ، مریم نواز کا آزاد کشمیر میں جا کر اداروں اور ملکی سلامتی کیخلاف باتیں کرنا نقصان دہ ہے ۔