عید کے موقع پر افغانستان میں موجود امریکی سفارتخانہ کی طرف سے طالبان کے نام اہم پیغام 

05:56 PM, 20 Jul, 2021

کابل :عید کےموقع پر افغانستان میں موجود امریکی سفارتخانہ کی جانب سے افغان طالبان کے نام اہم پیغام جا ری کر دیا گیا۔

افغانستان میں موجود امریکی سفارتخانہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان عید کے اس پر مسرت موقع پر ہتھیار ایک طرف رکھ کر مذاکرات کی طرف بڑھیں ،طالبان پر تشدد کاروائیاں روکیں اور افغان امن عمل کیلئے کوئی سیاسی حل تلاش کریں جس سے عوام کا نقصان نہ ہو ۔

امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آج افغان طالبان قطر امن معاہدے کی  خلاف ورزیوں میں مصروف ہیں ،امریکہ نے اپنے وعدے کے مطابق فوجیوں کے انخلا کیلئے قدم اُٹھا یا ہے لیکن آج بھی افغانستان کے متعدد اضلاع میں پرتشدد کاروائیاں جاری ہیں ،خواتین کے حقوق کچلے جا رہےہیں ،صحافیوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو رو ک دیا گیا ہے ،ایک خوف کی فضا اس وقت افغانستان میں موجود ہے ۔

امریکی بیان کے مطابق افغانستان میں امن کیلئے تما م فریقین کو مل بیٹھ کر امن کی فضا قائم کرنے کیلئے اقدامات اُٹھانے چاہیں ،تمام فریقین پر تشدد کاروائیاں روکیں  مستقل، جامع جنگ بندی پر متفق ہوں۔

بیان میں کہا گیا ہےکہ طالبان اور تمام فریقین مکمل طورپر امن مذاکرات میں مشغول ہوں، فریقین جامع سیاسی تصفیے پر رضامند ہوں اور افغانستان کو دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ بننے سے بچانا یقینی بنائیں جب کہ طالبان عیدالاضحیٰ پرہتھیار رکھ کر امن عمل کیلئے اپنے عزم کا اظہارکریں۔

مزیدخبریں