اسلام آباد: وفاقی وزیر اور چیئرمین این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ جب تک آبادی کا بڑا حصہ ویکسین نہیں لگاتا ، پابندیاں ناگزیر ہیں ۔
اپنی ٹویٹ میں اسد عمر نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی ویکسی نیشن کی تعداد حوصلہ افزا ہے ، اس میں تیزی لانا ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ کل ایک دن میں 6 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی گئی ۔
کل پہلی دفعہ پاکستان میں ایک دن میں 6 لاکھ سے زیادہ ویکسینیشن کی گئی. ویکسینیشن کی بڑھتی ہوئی تعداد حوصلہ افزا ہے لیکن اس میں اور تیزی لانی کی ضرورت ہے تاکہ تمام سماجی اور معاشی پابندیاں ختم کی جا سکیں. جب تک آبادی کا بڑا حصہ ویکسین نہیں لگواتا، پابندیاں نا گزیر ہیں
— Asad Umar (@Asad_Umar) July 20, 2021
واضح رہے کہ ملک میں کورونا سے مزید 37 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہزار ، 848 ہو گئی ۔
24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 48 ہزار ، 805 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 2 ہزار ، 145 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ مثبت کیسز کی شرح 5.25 فیصد رہی ۔
کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 14 اعشاریہ 72 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں کورونا وائرس کی بھارتی قسم کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے ، ڈاکٹرز نے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔