پاکستان کے 217 کھلاڑیوں نے 17 اولمپکس میں حصہ لیا، 10 تمغے جیتے

12:18 PM, 20 Jul, 2021

لاہور: پاکستانی کھلاڑی اب تک 17 اولمپکس میں وطن کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ان خوش نصیب کھلاڑیوں کی تعداد 217 بنتی ہے۔

پاکستان نے آخری بار 1992ء میں بارسلونا اولمپکس میں ہاکی کے ایونٹ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد چھ اولمپکس اور 29 سال میں پاکستان کے حصے میں کوئی تمغہ نہ آ سکا۔

اولمپکس کی تاریخ پر طائرانہ نظر ڈالنے سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان بننے کے تقریباً ایک سال بعد 1948ء میں لندن میں اولمپکس ہوئے۔ نیا ملک تھا، حالات ٹھیک نہیں تھے، اس لیے کوئی تمغہ نہیں ملا۔

اس کے بعد اگلی بار ہیلسنکی میں بھی یہی حال رہا، البتہ 1956ء میں میلبورن اولمپکس میں پاکستان ہاکی کے فائنل تک پہنچ گیا لیکن یہ میچ روایتی حریف بھارت سے ہار کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا جو پاکستان کا پہلا اولمپکس تمغہ تھا۔

اگلے اولمپکس جو 1960ء میں اٹلی کے دارالحکومت روم میں منعقد ہوئے، پاکستان نے ہاکی کے ایونٹ میں بھارت کو فائنل میں شکست دے کر بدلہ چکایا اور پہلی بار سونے کا تمغہ بھی حاصل کیا۔

بھارت نے اگلے ہی اولمپکس میں ہاکی کے ایونٹ میں پاکستان کو فائنل میں ہرا دیا۔ اس سے اگلی بار پاکستان نے پھر طلائی تمغہ جیتا۔

اس کے بعد سے 1992ء تک پاکستان ہاکی میں کوئی نہ کوئی تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتا رہا، لیکن 1992ء کے بعد پاکستان ہاکی کے ایونٹ میں بھی کوئی تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

ہاکی کے علاوہ پاکستان نے کسی اور کھیل میں صرف دو بار تمغہ جیتا۔ پہلی بار 1960ء میں روم میں کشتی میں پہلوان محمد بشیر نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا اور 1986ء کے سیول اولمپکس میں باکسر حسین شاہ نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

اس طرح اب تک پاکستان کے 217 کھلاڑیوں نے 17 اولمپکس میں حصہ لیا ہے اور اس دوران کل ملا کر 10 تمغے جیتے ہیں جن میں 3 سونے کے، 3 چاندی کے اور 4 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔

ان میں سے آٹھ تمغے پاکستان نے ہاکی میں جیتے، لیکن بدقسمتی سے پچھلے اور حالیہ اولمپکس میں ہاکی کی ٹیم کوالیفائی ہی نہیں کر سکی۔ریو میں ہونے والے پچھلے اولمپکس میں سات افراد پر مشتمل پاکستانی دستہ نے شرکت کی لیکن یہ کوئی تمغہ حاصل نہ کر سکا۔

اس بار ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں پاکستان ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، جوڈو، شوٹنگ، سوئمنگ اور ویٹ لفٹنگ میں حصہ لے رہا ہے۔ ان سب کھیلوں میں پاکستان کو کوٹا سسٹم کے تحت داخلہ دیا گیا ہے، صرف نشانہ بازی ایسا کھیل ہے جس میں پاکستان نے باقاعدہ کوالیفائنگ راؤنڈ جیت کر کوالیفائی کیا ہے۔

مزیدخبریں