اسلام آباد: حکومت نے چینی کی قیمت میں مناسب کمی کو یقینی بنانے کے لئے پیر کو 30 نومبر 2021 تک سیل ٹیکس کے نفاذ کو واپس ’ایکس مل ریٹ ‘پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ضروری اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا۔
اس اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین ، وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار ، وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر ، وزیر اعظم کی سماجی تحفظ سے متعلق معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وزارت صنعت اور وزارت خزانہ مستقبل کی چینی کی ضروریات کے تعین اور درآمد کے حوالے سے ضرورت کا جائزہ لیں گی۔
وزیر اعظم نے چیف سیکرٹریوں کو ہدایت کی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے مناسب تعین اور اس قیمت کے ہر صورت اطلاق کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعین شدہ قیمتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
خوردنی تیل کی مناسب قیمتوں کے تعین کے حوالے سے نظام تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیرِ اعظم نے اشیائے ضروریہ کے ڈیٹا شئیرنگ کے حوالے سے قانون کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔