لاہور: پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس وبائی مرض میں مبتلا مزید 37 افراد دم توڑ گئے ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہزار 848 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 48 ہزار 805 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 2 ہزار 145 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ مثبت کیسز کی شرح 5.25 فیصد رہی۔
ملک بھر میں دو ہزار پانچ سو بتیس کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اب تک ایک کروڑ چون لاکھ ترتالیس ہزار چار سو ستتر افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا جا چکا ہے۔
صوبہ سندھ میں کورونا کے کیسوں کی تعداد تین لاکھ چھپن ہزار نو سو انتیس، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ چالیس ہزار آٹھ سو اٹھارہ، پنجاب میں تین لاکھ پچاس ہزار چھ سو اٹھارہ، اسلام آباد میں چوراسی ہزار سات سو بائیس، بلوچستان میں انتیس ہزار ایک سو دس، آزاد کشمیر میں بائیس ہزار ایک سو سولہ اور گلگت بلتستان میں سات ہزار چار سو چودہ ہو گئی ہے۔
کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں دس ہزار آٹھ سو اکیاسی افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں پانچ ہزار سات سو بیس، خیبر پختونخوا چار ہزار تین سو چھیاسی، اسلام آباد سات سو ستاسی، گلگت بلتستان ایک سو سترہ، بلوچستان میں تین سو انیس اور آزاد کشمیر میں چھ سو ایک افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق اب تک ملک بھر میں پینتالیس لاکھ پچاس ہزار چھ سو چھیانوے افراد کو کورونا ویکسین کی مکمل خوراک جبکہ ایک کروڑ اکیاسی لاکھ پچاسی ہزار دو سو پچانوے افراد کو سنگل خوراک دی جا چکی ہے۔