تہران: ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کی جاسوسی کرنے والے مخبر کو سزائے موت دے دی۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی شہری محمد موسوی ماجد کے امریکی سی آئی اے اور اسرائیلی انٹیلی جنس موساد سے روابط تھے۔
ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ موسوی ماجد نے سیکیورٹی حکام، مسلح افواج اور بالخصوص جنرل قاسم سلیمانی سے متعلق انٹیلی جنس معلومات سی آئی اے اور موساد کو فراہم کی تھیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے موسوی ماجد کی سزائے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کو عدالت انصاف نے سزا سنائی جس پر پیر کے روز عملدرآمد کیا گیا۔
غلام حسین اسماعیلی کا کہنا تھا کہ موسوی ماجد نے عراق میں داعش کے خلاف لڑنے والے قدس فورس کے کمانڈر کے ٹھکانےکا راز افشا کیا تھا۔
خیال رہے کہ امریکا نے رواں برس 3 جنوری کو عراق کے شہر بغداد میں ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں جنرل قاسم ساتھیوں سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔
ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے عراق میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا تھا جس میں کئی امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے جب کہ ایرانی فورسز نے غلطی سے اپنی حدود سے گزرنے والے یوکرین کے مسافر طیارے کو بھی نشانہ بنایا تھا جس میں 176 مسافر ہلاک ہوئے اور بعد ازاں ایران نے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا تھا۔