سرینگر میں بھارتی فوجی کی خودکشی ، مختلف واقعات میں مزید دو فوجی ہلاک ایک شدید زخمی

11:18 AM, 20 Jul, 2020

سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹے بھارتی فوج اورپیراملٹری فورسز کے لئے اچھے ثابت نہیں ہوئے کیونکہ تین اہلکاروں کو غیر فطری موت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تازہ ترین واقعات میں آج سرینگر میں ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کرخودکشی کرلی جبکہ دوسرے نے خود کوشدید زخمی کردیا ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے آج سرینگرشہر کے علاقے پانتہ چوک میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی ۔

خودکشی کرنے والے اہلکارکی شناخت 29 بٹالین کے بسوجیت دتہ کے نام سے ہوئی ہے۔سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اور اہلکار نے جس کی شناخت پروین منڈا کے نام سے ہوئی ہے، سرینگر کے علاقے ڈلگیٹ میں اپنی سروس رائفل سے خود کوگولی مارکر خودکشی کرنے کی کوشش کی تاہم وہ شدید زخمی ہوگیا۔

دریں اثناءضلع بارہمولہ میں گلمرگ کے علاقے دیور گلی کی فوجی چوکی پر اکشے کمار نامی ایک بھارتی فوجی کی سروس رائفل سے اچانک گولی چلنے سے وہ ہلاک ہوگیا۔

ادھربھارتی فوج کے ایک عہدیدار نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کارگل کے علاقے میں کنٹرول لائن کے نزدیک ایک فوجی اس وقت ہلاک ہوگیا جب اس کا پیر ایک بارودی سرنگ سے ٹکراگیا۔

مزیدخبریں