پاکستان میں عیدالاضحیٰ پر کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ، واشنگٹن پوسٹ

پاکستان میں عیدالاضحیٰ پر کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ، واشنگٹن پوسٹ

واشنگٹن: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ رک گیا ہے تاہم حکومت کو خدشہ ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر کورونا کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر کے بعد پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا تاہم حکومتی اقدامات کی وجہ سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ رک گیا۔غیر ملکی جریدے کے مطابق پاکستان میں یومیہ اوسطاً 70 ہلاکتیں اور دو ہزار سے زائد کیس سامنے آ رہے ہیں لیکن حکومت کو عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث قوم سے عید الاضحیٰ سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز میں کمی کی وجہ اسمارٹ لاک ڈاوَن اور ایس او پیز پرعملدرآمد ہے۔ قوم سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھے اور قوم عیدالاضحیٰ سادگی سے منائے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی کہ عوام ایس او پیز کی خلاف ورزی نہ کریں۔ انتظامیہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروائے۔دریں اثنا  معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی کونے میں رہنے والا پاکستانی ہماری ذمہ داری ہے۔ ذمہ داری کو پورا کرنے کے حوالے سے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔