الزام تراشی کے بجائے احسن اقبال اپنے گریبان میں جھانکیں، زلفی بخاری

10:59 AM, 20 Jul, 2020


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندرپار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ دوسروں پرالزام تراشی کے بجائے احسن اقبال اپنے گریبان میں جھانکیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ نوازشریف جب ملک کے وزیراعظم تھے تو یواے ای کا اقامہ تھا، خواجہ آصف وزیردفاع وخارجہ تھے اور یواے ای کا اقامہ رکھا ہوا تھا، اسحاق ڈار ملک کے وزیرخزانہ تھے اورسعودی عرب کااقامہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں پرالزام تراشی کے بجائے احسن اقبال اپنے گریبان میں جھانکیں، سیاسی دروغ گوئی کی بھی کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیاہوتی ہے، احسن اقبال ہماری فکرچھوڑیں پہلے اپنے اقاموں کاجواب دیں۔

زلفی بخاری نے کہا کہ ہماراجینا مرناپاکستان میں ہے، عمران خان عالمی شہرت یافتہ قومی ہیرو ہیں جن کے اثاثے پاکستان میں ہیں، عمران خان نے سیاسی مافیاکے چنگل سے نجات دلانے کاتہیہ کررکھاہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت مفرور ہے جنہوں نے لوٹ مار کی وہ بیماری کے بہانے سے چھپتے پھر رہے ہیں، عمران خان کی قیادت میں کرپٹ مافیاکےخلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے۔

مزیدخبریں