اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام اور ان کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یوم الحاق پاکستان کے موقع پر متعدد ٹویٹس میں وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور بین الاقوامی قانون کے تحت تسلیم کیا گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم آج کشمیریوں کی طرف سے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کرنے کی وجہ سے یوم الحاق پاکستان کا تاریخی دن منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور حق خودارادیت کے حصول کی ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں،وزیراعظم نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو انصاف دلانے کیلئے لڑتے رہیں گے کیونکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہندو بالادستی کے انتہا پسند نظریے پر قائم بھارتی حکومت کے ظالمانہ اور غیرقانونی اقدامات کیخلاف جدوجہد کررہے ہیں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ پاکستان سے الحاق کرینگے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیریوں کو غیرانسانی تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف عالمی سطح پر بھی آواز بلند کی جا رہی ہے۔صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی کرتا رہا ہے جن میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں اپنا کردار ادا کرے۔