شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری حکومت کا انتقامی اقدام ہے : احسن اقبال

06:50 PM, 20 Jul, 2019

لاہور : مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ہمارے سب رہنماﺅں کو گرفتار کر لے لیکن عوام پر رحم کرتے ہوئے ان کو سستا آٹا ، گیس اور بجلی فراہم کریں ۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری حکومت کا انتقامی اقدام ہے ، تمھاری دھمکیوں سے ہم دبنے والے نہیں ہیں ، جتنی مرضی سختی کریں ، جتنی مرضی گرفتاریاں کریں  ،  سلیکٹڈ وزیراعظم سے حکومت نہیں چلنے والی ہے۔

انھوں نے کہا کہ فرانزک رپورٹ کے مطابق جج ارشد ملک کی ویڈیو بالکل سچی ہے ، اب چیف جسٹس فوری نوٹس لے کر نواز شریف کو رہا کرائیں ، حکومت ن لیگی ورکروں کے خلاف جھوٹے مقدمے بنا رہی ہے لیکن حکومتی کردار کشی کے باوجود ن لیگ کا ووٹ بینک محفوظ ہے ۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ اس سال میں حکومت نے ایک اینٹ نہیں لگائی اور ملک کی گردن پر سات ہزار ارب کے قرضے چڑھا دیئے ہیں ، ہمارے سب رہنماﺅں کو پکڑ لیں لیکن عوام پر رحم کریں ، انہیں سستی اشیا ضروریہ فراہم کریں تاکہ اپنے ضرورت زندگی حاصل کریں ۔

مزیدخبریں